لاہور(عثمان علی)بھکاری مافیاکی نئی چال،بھکاری بچوں کو حکومتی اداروں کی کارروائی سے بچانے کے لیے بھکاری مافیانے بھکاری بچوں کو ماؤں کی حفاظتی ڈھال فراہم کر دی۔مافیا کی جانب سے متعارف کروائے گئے نئے طریقہ سے اداروں کی جانب سے بھکاری بچوں کے خلاف کارروائی کے دوران مائیں بچوں کی مدد کے لیے فوری آجاتی ہیں اور موقعہ پر انتہائی جذباتی منظر بن جاتا ہے جبکہ آس پاس کی عوام بھی بھکاریوں کے ہمدرد بن جاتے ہیں جس سے حکومتی اداروں کی نہ صرف کارروائی متاثرہوتی ہے بلکہ بچوں کو بھی تحویل میں جانے سے بچا لیا جاتا ہے ۔شہر میں بھکاری مافیا کی جانب سے بھیک مانگنے کے نت نئے طریقے سامنے آتے رہتے ہیں جس میں معذور واپاہج بن کربھیک مانگنا، شیر خوار بچوں کے ساتھ خواتین سے بھیک منگوانا،دواؤں کی پرچی،ایکسرے اور مختلف بیماریاں ظاہر کر کے بھیک مانگنا وغیر ہ شامل ہیں جس کے بعد بچوں سے بھیک منگوانے کا رجحان سامنے آیا جس سے نہ صرف لوگوں کی ہمدردیاں اور آمدن زیاہ حاصل ہوتی ہے ۔تاہم چائلڈ پروٹیکشن بیورو سمیت بعض دیگر حکومتی اداروں کی جانب سے ہونے والی کارروائیوں کے بعد بھکاری مافیا نے بھکاری بچوں کو تحویل میں جانے سے بچانے کے لیے ماؤں کی ڈھال فراہم کرنے کا نیا طریقہ دریافت کر لیا ہے ۔اس حوالے سے چائلڈ پروٹیکشن بیورو حکام کا کہنا ہے کہ پہلے جب بھکاری بچوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کو تحویل میں لیے جاتا تھا تاہم اب ان چھوٹے بچوں کے ساتھ ان کی مائیں ہوتی ہیں اور اگر ان خلاف کارروائی کی جائے تو فوری طور پر وہ آجاتی ہیں اور ان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ایسا ماحول بنا دیا جاتا ہے کہ بچوں کو ماں سے چھینا جارہا ہے جس سے اردگرد کی عوام کی ہمدردیاں بھی بھکاری بچوں اور ان کے ماں کے ساتھ ہو جاتی ہیں اس سے نہ صرف کارروائیاں متاثر ہوتی ہیں بلکہ اب تو بچوں کو تحویل میں لینے کی بجائے ان کو بھگانے میں ہی اکتفا کیا جاتا ہے ۔