لاہور(کامرس رپورٹر،ایجنسیاں )نابینا افراد اور لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین کا دھرناگزشتہ روز بھی جاری رہا جس سے ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا۔پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ملازمین کے ہڑتال کی وجہ سے صوبہ کے 152اراضی ریکارڈ سنٹرز پر کام ٹھپ،سائل رل گئے ،خزانے کو روزانہ کروڑوں کا نقصان ہونے لگا،حکومت مظاہرین کو قائل کرنے میں ناکام رہی ۔ملازمین نے کہا ہے کہ سروس سٹرکچر،مستقلی اور تنخواہوں میں اضافے تک کام نہیں کریں گے ۔حکومت پٹواری کو ویلیج افسر بنا کر ہمارے حقوق سلب کرنا چاہتی ہے ۔پنجاب اسمبلی کے سامنے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ملازمین کا احتجاج جاری ہے ۔ تین سال گزر گئے نہ تو تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ،نہ سروس سٹرکچر دیا گیا اور نہ ہی مستقلی کے لئے کام کیا گیا جو کہ اتھارٹی ملازمین کے ساتھ زیادتی ہے ۔