لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن برسٹر نبیل احمداعوان، سپیشل سیکرٹری سلوت سعید، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عامرزمان خان، زبیراحمداعجاز، پروفیسر عمران، نسرین بٹ، ملک ارشادحسین اورایم ڈی چلڈرن ہسپتال پروفیسرڈاکٹرسلیم نے شرکت کی۔ صوبائی وزیرصحت نے اجلاس کے دوران آٹوڈس ایبل سرنجزکی خریداری کے حوالہ سے وفاقی حکومت کی تجاویزکاجائزہ لیا۔افسران نے صوبائی وزیرکوآٹو ڈس ایبل سرنجزکی خریداری کے حوالہ سے مختلف تفصیلات اورتجاویزبارے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں استعمال شدہ سرنج کوفوراتلف کرنے پرسوفیصدعمل کیا جارہاہے ۔ پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن کو لیبارٹریز اورنجی ہسپتالوں میں استعمال شدہ سرنجزکی تلفی کے حوالہ سے سخت احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ کمیٹی آٹوڈس ایبل سرنجزکی خریداری کے حوالہ سے سرنجزبنانے والی لوکل اورملٹی نیشل کمپنیوں کے نرخوں کاجائزہ لے گی۔ اجلاس میں آٹوڈس ایبل سرنجزکی مولڈنگ کیلئے نئی ٹیکنالوجی کے استعمال بارے بھی جائزہ لیاگیاہے ۔