پشاور(نیوز رپورٹر) تین روزہ ونٹر سپورٹس فیسٹیول 2020ء مالم جبہ رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا، فیسٹیول کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ملاکنڈ ریاض محسود تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ فیسٹیول میں آنے والے سیاحوں کیلئے خٹک ڈانس پرفارمنس سمیت رباب موسیقی ، آرچری ، سنو ہاکی، کرلنگ و دیگر کئی مقابلے منعقد ہوئے ۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض محسود نے مالم جبہ کے سیاحتی مقام پر ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد سمیت سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ 2020 ء کو ہم نے ملاکنڈ ڈویژن کو سیاحت کا سال مقرر کیا ہے ۔گزشتہ سال کی نسبت آئندہ سال سیاحوں کی آمد دگنی ہو گی ۔فائنل مقابلوں میں الپائن کمبائنڈ سنو بورڈ مقابلوں میں ناظم شاہ نے پہلی ، رضا اللہ نے دوسری اور حبیب اللہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی، آئس ہاکی میں عصمت نے پہلی، احسان نے دوسری اور احمد علی شا ہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی، گائنٹ سلالم انڈر10 مقابلوں میں حضرت عثمان نے پہلی، شافع نے دوسری اور مجاہد نے تیسری پوزیشن حاصل کی، انڈر10 خواتین مقابلوں میں عضرہ نے پہلی ، زبیدہ نے دوسری اور عائشہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی، انڈر14 گائنڈ سلالم میں مجاہد نے پہلی، محمد شاہد نے دوسری اور حمزہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی، سینئر مقابلوں میں زاہد حسین نے پہلی، صدیق نے دوسری اور شیر غنی نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔