اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد مار ے گئے ، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان سپاہی صدام شہید جبکہ دو جوان زخمی ہوگئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ رات سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے دریائے کیتو کے شمال مغرب سپن وام میں دہشت گردوں کی پناہ گاہ پر آپریشن کیا، دہشت گردوں نے فرار ہونے کے لئے فائرنگ شروع کر دی ، فائرنگ کے تبادلے میں چاروں دہشت گرد مارے گئے جبکہ پاک فوج کا جوان صدام شہید جبکہ دو جوان زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،شہید سپاہی صدام کا تعلق کرک سے تھا اور اس کی عمر 27 برس تھی۔