اسلام آباد ،راولپنڈی(سپیشل رپورٹر ،92نیوزرپورٹ) شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی جوان شہید ہوگئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میرانشاہ کے علاقے سپلگا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا ، شہید حوالدار تاجبر علی کا تعلق سوات جبکہ راشد کا تعلق پارا چنار سے ہے ،ترجمان پاک فوج کے مطابق فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے کلیئرنس آپریشن شروع کردیا ۔ آئی ایس پی آرکے مطابق آواران میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پرسکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز آپریشن کیا جس میں 4دہشتگرد ہلاک ہو ئے تھے ۔ مرکزی مکران رینج میں دورا ن آپریشن دہشتگردوں کی کئی خفیہ پناہ گا ہیں ،لاجسٹک بیس تباہ کردیاگیا،دہشتگردوں کی پناہ گا ہوں سے بڑی مقدارمیں اسلحہ،ہتھیاراورمواصلاتی آلات برآمد ہوئے ۔