لاہور(قاضی ندیم اقبال) ماتمی و شبیہ ذوالجناح جلوسوں کے حوالے سے ایس او پیز کی تیاری۔ صوبائی حکومت نے کورونا وباء کے پھیلاؤ کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی و ضلعی اداروں سے محرم الحرام کے سیکورٹی پلان طلب کر لئے ۔ حساس اضلاع میں فوج کے دستوں کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ نویں اور دسویں محرم کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے ، موبائل سروس ا بند کرنے کے اہم فیصلے بھی کئے جائیں گے ۔ عید الضحی اور محرم الحرام کے دوران کوروناکے تیزی سے پھیلنے کے خدشات کے پیش نظرصوبائی حکومت نے ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز، سی پی اوز،ڈی پی اوز ،اوقاف و مذہبی امور، صحت کو ہدایت کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران ماتمی و شبیہ جلوسوں کے انعقاد کے حوالے سے اپنی سفارشات اور بالخصوص سیکورٹی پلان محکمہ داخلہ پنجاب کو ارسال کریں۔ اس ضمن میں تمام مسالک کے جید علمائمشائخ، صوبائی سطح سے ضلعی اور تحصیل کی سطح پر قائم ڈسٹرکٹ امن کمیٹیوں کے ذمہ داران کو بھی آن بورڈ لیا جائے ۔ تاکہ مشترکہ طور پر تیار ہونے والی سفارشات کی روشنی میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں ماتمی و شبیہ جلوسوں کے انعقاد کے حوالے سے ایس او پیز تیار کئے جا سکیں۔