شیخوپورہ، مانانوالہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ 92 نیوز )شیخوپورہ میں تھانہ مانانوالہ کے علاقہ محلہ قادر آباد میں کانسٹیبل نے اپنے ہی گھر کو ٹارچرسیل بنادیا اور اپنی بیوی کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے شدید زخمی کردیا ، بیوی کی ٹانگ ٹوٹ گئی ، ملزم جسم کو پلاس کی مدد سے زخمی کرتا رہا ، انکشاف اس وقت ہوا جب بیوی کو زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا ، متاثرہ خاتون نے بتایا اس کا خاوند اس کو آئے روز تشدد کا نشانہ بناتا ہے ، ڈی پی او شیخوپورہ غازی صلاح الدین نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا اور پولیس کو ہدایت کی کہ خاتون کی جان ومال ،عزت وآبرو کو یقینی بنایا جائے ، شاہد حیات لاہور میں کانسٹیبل ہے ، 10سال قبل پسند کی شادی ہوئی، بیوی نسیم بی بی اپنے گھر والوں سے لاتعلق ہوگئی، ملزم نے اسے تشدد کا نشانہ بنانے کا معمول بنا لیا، گزشتہ روز بھی نسیم نے گھریلو خرچہ مانگا تو اس نے وحشیانہ تشدد کیا اور پلاس سے اس کے جسم کے مختلف حصوں کو زخمی کرتا رہا، ٹانگ توڑ ڈالی، خاتون کو ہسپتال لایا گیا، شاہد نے کسی کو بتانے کی صورت میں قتل کی دھمکیاں دیں تاہم نسیم بی بی نے رو رو کر ساری داستان پولیس افسروں کو بتا دی۔