پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ اوپر کی سطح پر معیشت میں استحکام آرہا ہے ، مانتا ہوں کہ مہنگائی ہے لیکن سال چھ ماہ صبر کریں ملکی معیشت میں پائیدار استحکام آجائے گا۔گزشتہ روز پشاور میں تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے ملک میں لوٹ مار مچائی ہوئی تھی، مگر عمران خان نے آکر اسے بند کردیا ۔عمران خان کیخلاف تمام طاقتیں اکٹھے ہونے کی کوشش کررہی ہیں، یہ عمران خان ہیں جنہوں نے اسٹیٹس کو کو توڑا ہے ، یہ سارے بھی اکٹھے ہوجائیں تو بھی عمران خان ان کا مقابلہ کریں گے ۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ خان صاحب نے اقتدار میں آتے ہی نئے پر اجیکٹ پر کام شروع کیا جس سے ملک آگے بڑھے گا اور لوگوں میں خوشحالی آئے گی، لوگوں کو پیسے دینے کے بجائے انہوں نے خود مختار بنانے کا کام شروع کیا ہے ۔جہانگیر ترین نے کہا کہ اگر لوگ مرغی اور چوزے پال لیں تو ملک کی معیشت بہتر ہوسکتی ہے اور روزگار بھی بڑھے گا۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے دس سال تک ملک میں لوٹ مار کی ، بڑی بڑی جماعتوں کے لیڈر صرف پیسہ بنانے کیلئے سیاست میں آتے تھے ۔