لاہور ،اسلام آباد ،کراچی،پشاور (سٹاف رپورٹر ، خبر نگار خصوصی ، نیوز رپورٹر ،92نیوزرپورٹ ) پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے کئے گئے ،ریلیاں نکالی گئیں جن میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،مظاہرین نے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ،ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کر دیں اور وزیراعظم سے فوری مستعفی ہونیکا مطالبہ کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کی جانب سے مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف نماز جمعہ کے بعد کراچی، لاہور، پشاور ، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ جین مندرچوک میں ن لیگ کے کارکنوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا،مظاہرے میں ارکان اسمبلی ،کارکنوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی،ن لیگی رہنما سعدرفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا22کروڑکاملک ایک کھلنڈرے کھلاڑی کے سپردکردیا،ملک کوآئی ایم ایف کاطوق پہنایاجارہاہے ، عمران نے پھلتاپھولتاپاکستان اجاڑکررکھ دیا،ملک کوایک ایسے شخص کے حوالے کردیاگیاجس نے آج تک ایک یونین کونسل نہیں چلائی،نیب آرڈیننس لے کرآرہے ،حقیقت میں یہ خودکواین آراودے رہے ہیں،روپیہ بے قدرہوگیا،ڈالراوپرچلاگیا،دال،آٹا،چینی،بجلی،گیس،پٹرول ہرچیزمہنگی نہیں بہت مہنگی ہوگئی ۔ سردارایاز صادق نے کہا حکومت نے جھوٹ بولا،کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا،عمران خان کامقدراب جیل ہے ۔ مولانا امجد خان نے کہا کہ مہنگائی کا عفریت عوام کی خوشیا ں نگلتا جا رہا ہے ،دیگر پی ڈی ایم رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔شاہد خاقان عباسی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج جوکچھ ملک میں ہورہا ہے اسکی بنیادی وجہ 2018 الیکشن کی چوری ہے ،جس ملک کی مانیٹری پالیسی چلانے والا سٹیٹ بینک کا گورنر ایسا شخص ہو اسکو نوکری سے نکال دینا چاہیے ۔ مریم اورنگزیب نے پرائس کنٹرول کمیٹیوں سے مہنگائی روکنے کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دے دیا، انہوں نے کہاہے کہ مہنگائی سے نجات کا واحد ذریعہ عمران صاحب سے نجات ہے ،عمران خان اب عوام کو آپ کا استعفیٰ چاہئے ۔ کراچی کے مظاہرے میں شہریوں اورتاجروں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔ عبدالغفورحیدری نے کہاکہ مہنگائی ، حکومت کے خلاف مظاہرہ عوامی ریفرنڈم ہے ، یہ احتجاج حکمرانوں کی رخصتی پرمنتج ہوگا۔ اویس نورانی نے کہاکہ ملک میں شفاف اور فوری الیکشن ہونے چاہئیں ۔ مولانا راشد محمود سومرو ، اسلم غوری نے کہاکہ اب عمران کی حکومت کو گھربھیجنے کیلئے عوام سڑکوں پرآگئی ہے ۔ شاہ محمد شاہ ، نہال ہاشمی نے کہاکہ جادو ٹونے سے ملک کی معیشت نہیں چلے گی ، مظاہرے میں شرکت کیلئے مختلف علاقوں سے جلوس صدرپہنچے تھے ۔مری میں پی ڈی ایم کے زیراہتمام مال روڈ پر مظاہر ہ کیاگیا جبکہ ریلی بھی نکالی گئی ،پشاور میں جے یو آئی کے زیراہتمام پشتخرہ چوک رنگ روڈ پر مظاہرہ کیا گیا ، مظاہرین نے باڑہ روڈ سے پشتخرہ چوک تک مارچ کیا ، شیخوپورہ،فیرزوالا ، حافظ آباد ،قصور ،وہاڑی، گوجرانوالہ ،استور ،سکھر ،لاڑکانہ ، چمن اور دیگر شہروں میں بھی پی ڈی ایم نے مظاہرے کئے ۔ پیپلز پارٹی نے جیکب آباد ،مہمند ،کراچی ،اوکاڑ ہ،مری میں مظاہرے کئے ،کراچی میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد شاہ نے کہا کہ اشیائے خور ونوش کی قیمتیں اس حد تک بڑھ گئی ہیں کہ لوگ حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کی بدولت سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو گئے ہیں اور حکمرانوں کے خلاف احتجاج کررہے ہیں ، وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں پہلے کہا تھا کہ اگر ڈالر کی قیمت ایک روپے بڑھ جاتی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ حکمران کرپٹ اور چور ہیں اور اب ڈالر کے مقابلے میں 50 روپے سے زیادہ کا اضافہ ہوچکا ہے ، اب لوگوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ کون کرپٹ اور چور ہے ،وزیراعظم نے اپنی پوری زندگی ملک سے باہر گزاری ہے ، انہیں پاکستان میں غربت کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے ، اب وقت آگیا ہے کہ منتخب حکمرانوں کو گھر بھیج دیا جائے ۔ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کرکے جیالوں نے عوام کے احساسات کی ترجمانی کی۔اپنے بیان میں بلاو ل نے کہا کہ مہنگائی کا آسیب پاکستان میں خوش حالی کو نگل چکا ہے ، عمران خان قوم کے مجرم ہیں، حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کی بدولت آج عام آدمی مہنگائی کی چکی میں پِس رہا ہے ۔