وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ضلع راجن پور کے دور افتادہ 5 ہزار فٹ بلند مقام ماڑی پہنچے ہیں، وہ ماڑی کا دورہ کرنے والے پہلے وزیر اعلیٰ ہیں۔ انہوں نے فورٹ منرو ماسٹر پلان کے 31 ملین روپے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے 77.13 ملین اور ماڑی تک 20 کلومیٹر لنک روڈ کی تعمیر کے لیے 436 ملین مختص کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا تعلق خود پسماندہ علاقے سے ہے اسی بنا پر وہ پسماندہ اضلاع کی تعمیر و ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔ ماڑی میں سیروسیاحت کو اگر فروغ دیا جائے تو یہ دوسرا مری بن سکتا ہے مگر بدقسمتی سے 73 سالہ تاریخ میں آج تک کسی وزیراعلیٰ نے اس علاقے کا دورہ نہیں کیا ، جس کے باعث یہ علاقہ پسماندہ رہا ۔ وزیر اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس علاقے کی تعمیروترقی اور سیاحت کے فروغ کے لیے ایک خطیر رقم مختص کی ہے جو اطمینان بخش ہے۔ ماڑی کے علاقے تک سڑک کی تعمیر اور وہاں پر ہوٹلز سمیت دیگر سہولیات کو بہتر بنا کر سالانہ کروڑوں روپے کمائے جا سکتے ہیں۔ اس سے نہ صرف ماڑی میں بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا بلکہ لوگوں کو سیروسیاحت کے لیے ایک معقول جگہ میسر آ جائے گی۔ فورٹ منرو اور ماڑی میں بھی بہتر سہولیات پیدا کر کے لوگوں کو سیاحت پر راغب کرنے کا بہترین موقع ہے۔ اس لیے حکومت زبانی جمع خرچ کی بجائے وہاں پر برق رفتاری سے کام شروع کرائے تاکہ اس علاقے کی قسمت جاگ اٹھے۔