قاہرہ(این این آئی )مصر کے شیخ الازہر ڈاکٹر احمد الطیب نے فرانسیسی استاد کا سر قلم کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذہب کی تضحیک پر مبنی اقدامات نفرت کے پروان چڑھنے کا باعث بنتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق الازہر کے مفتی اعظم شیخ احمد الطیب کا یہ بیان روم کے کیپٹل سکوائر میں مسیحی، یہودی اور بدھ مت کے رہنماؤں کے سامنے پڑھ کر سنایا گیا۔ اس موقع پر مسیحیوں کے پیشوا پوپ فرانسس اور فرانس کے چیف ربی حائم کورسیا بھی موجود تھے ۔ یہ تمام مذہبی رہنما امن کے لئے ایک مشترکہ بیانیہ جاری کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے تھے ۔شیخ الطیب نے اپنے بیان میں کہا کہ بطور مسلمان اور الازہر کے سربراہ میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ اسلام اور اس کی تعلیمات سے اس بھیانک دہشت گرد عمل سے کوئی تعلق نہیں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ یہ دہشت گرد دین کی ترجمانی نہیں کرتا جیسے نیوزی لینڈ میں مسلمانوں کے قاتل نے دین مسیح کی ترجمانی نہیں کی تھی۔