پشاور(نیوز رپورٹر)خیبرپختونخوااسمبلی میں سرکاری ملازمین کی ملازمت کیلئے حدعمر60سے بڑھا کر 63سال کرنے سے متعلق بل اپوزیشن کی مخالفت اور واک آئوٹ کے باوجود منظورکرلیا گیا،اپوزیشن رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ایوان آئین سے بالاترنہیں۔ یہاں ایسے قانون نہیں بنائے جاسکتے جن سے نوجوانوں کامستقبل دائوپرلگے ،مذکورہ قانون بیوروکریٹس کا تجویزکردہ ہے ،حکومتی فیصلے سے 60سے 70ہزارنوجوان روزگارسے محروم ہوجائینگے تاہم حکومتی اراکین کا موقف تھاکہ خزانے کو 70سے 80ارب روپے کی بچت ہوگی جس سے مزید 40ہزارلوگوں کو روزگارفراہم کیاجائے گا۔ سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی مدت میں مزید تین سال کی توسیع کا بل ایوان میں مشیربرائے تعلیم ضیاء اﷲ بنگش نے پیش کیا۔