سرینگر(نیٹ نیوز،این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ کی طرف سے کروناا وائر س کے خلاف حفاظتی اقدام کے نام پر پابندیاں مزید سخت کردیں جبکہ بھارتی پولیس اہلکاروں کی ایک دوسرے پر فائرنگ سے دونوں اہلکار ہلاک ہوگئے ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سرینگر سمیت تمام قصبوں میں لوگوں کی نقل و حرکت روکنے کیلئے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں جبکہ سڑکوں اور پلوں کو خار دار تاروں سے سیل کر دیا گیاہے ۔ صرف لازمی خدمات سے وابستہ گاڑیوں اور افراد کو ہی پوچھ گچھ کے بعد جانے کی اجازت دی جاتی ہے ۔ سرینگر، گاندر بل، بڈگام ، بانڈی پورہ ، بارہمولہ اور دیگر قصبوں میں مزید پابندیوں کو یقینی بنانے کیلئے بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ سری نگر میں تعینات سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے دو اہلکاروں کے درمیان معمولی تکرار ہوئی اس دوران دونوں اہلکاروں نے ایک دوسرے پر سرکاری رائفل سے فائرنگ کردی جس کے باعث دونوں اہلکار ہلاک ہوگئے ۔علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں کرونا مریضوں کی تعداد بڑھ کو 20 ہوگئی ‘مریضوں میں ایک بھارتی فوجی اہلکار بھی شامل ہے ۔