لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ جو لوگ موجودہ حکمرانوں کو ووٹ دینا ثو اب سمجھتے تھے ، اب وہ انہیں اﷲ کا عذاب سمجھ رہے ہیں ،عوام کا حکومت سے اعتماد اٹھ گیاہے ، حکومت پر سرمایہ کاری کرنے والے پیاروں کو نوازا جارہاہے ،حکومت کمزور تر اور پیارے مضبوط تر ہورہے ہیں ، وزیراعظم نے بھی پیاروں کو کلین چٹ دے دی ، حکومت کہتی ہے ہم مافیا کا پیچھا کر رہے ہیں جبکہ قوم دیکھ رہی ہے کہ مافیاز نے حکومت کو آگے لگارکھاہے ،آئی ایم ایف کے بعد اقوا م متحدہ کے سیکرٹری جنر ل بھی ہمیں نصاب تعلیم بدلنے کا حکم دے رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صاحبزادہ طارق اﷲ اور قیصر شریف بھی موجود تھے ۔ سراج الحق نے کہاکہ اپنی ذات کے عشق میں مبتلا حکمرانوں نے ملک و قوم کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیاہے ، مہنگائی ، بے روزگاری ، غربت اور بدامنی نے لوگوں کی نیند حرام کردی ہے ،ہم 20 فروری سے مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف کراچی تا چترال تحریک شروع کر رہے ہیں ،انہوں نے کبڈی ورلڈ کپ جیتنے پر قومی ٹیم کے کپتان عرفان عرف مانا جٹ اور پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ کبڈی روایتی کھیل ہے اس کی سرپرستی ہونی چاہیے ۔