لاہور(قاضی ندیم اقبال )وزیر اعظم کے احکامات کی روشنی میں متروکہ وقف املاک بورڈ کا سال 2016سے 2018 تک سپیشل فرانزک آڈٹ شروع ہوگیا۔وفاق سے آنے والی ٹیم نے وقف املاک ، ان کی لیزنگ کے طریقہ کار، کورٹ کیسز اورلیز کی مد میں بقایا جات کی بابت 29نکات پر مبنی فرانزک آڈٹ کے لئے ہیڈ آفس میں ڈیرے ڈال لئے ۔ آڈٹ ٹیم نے ابتدائی طور پر سابق چیئر مین صدیق الفاروق کے دور میں قواعد کے برعکس ہونے والے بورڈ اجلاس اور ان پر اٹھنے والے اخراجات اورڈرائیورز کے بے تحاشہ اوور ٹائم کی بابت اعتراضات اٹھا دئیے ۔ ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ کے ذرائع کے مطابق سیکرٹری بورڈمحمد طارق وزیر خان کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر ایسٹرن زون، گوجرانوالہ زون،ننکانہ زون ننکانہ صاحب، ویسٹرن زون فیصل آباد، ناردرن زون راولپنڈی،سنٹرل زون ملتان،اور سائوتھرن زون کراچی میں تعینات ایڈمنسٹریٹرز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ سپیشل فرانزک آڈٰ کرنے والی ٹیم کو وقف املاک کی بابت 9نکاتی معلومات فراہم کریں، جس میں وقف زمین کا نام،لیز پر رقبہ لینے والے کا نام، لیز کرنے کی تاریخ، کل رقبہ ، ریجن، زمین کی لوکیشن،کس ریٹ پر لیز کی گئی کے علاوہ وقف زمین کے موجودہ سٹیٹس کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے ۔فرانزک ٹیم کو وقف املاک کے کورٹ کیسز کے بارے میں ٹائپ آف وقف لینڈ،پٹیشن کس کی جانب سے فائل کی گئی،عدالت میں زیر سماعت کیس کا ٹائٹل، کیس دائر کرنے کی تاریخ،کس کورٹ میں کیس زیر سماعت ہے ، ریجن، لوکیشن، ریٹ، اور موجود حیثیت کے بارے میں تفصیلات فراہم کی جائیں۔جبکہ لیز پر دی گئی وقف زمین کے بقایا جات کی بابت بھی آگاہی دی جائے ، جس میں بتایا جائے کہ زمین کی قسم، لیز پر لینے والے کا نام، لیزنگ تاریخ، رقبہ، ریجن، ریٹ اور کون سی وقف زمین کے کتنے بقایا جات موجود ہیں، اس کی بابت آگاہی سپیشل فرانزک آڈٹ ٹیم کو فراہم کی جائے ۔ ٹیم نے گذشتہ کئی سالوں سے ڈرائیورز کو ماہانہ دئیے جانے والے غیر ضروری اوور تائم کی بابت بھی اعتراض کرتے ہوئے تفصیلات طلب کر لی ہیں، جس میں استفسار کیا گیا ہے کہ آفیسرز وہ کون سی ڈیوٹی کراتے ہیں، جس کے سبب روزانہ گاڑیاں غیر معمولی سفر کرتی ہیں ، تو ڈرائیورز کو زمینی حقائق کے برعکس ادائیگیاں بھی کی جاتی ہیں۔