اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سرکاری اداروں سے متعلق اپنی شکایات کے جلد ازالے کیلئے وفاقی محتسب کے آن لائن پورٹل سے استفادہ کریں۔ وفاقی محتسبین کے نمٹائے گئے کیسز کے بارے میں اپنے ویڈیو پیغام پر عوامی ردعمل کے جواب میں صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے آن لائن پورٹل کا لنک اپنے ٹوئٹر پر شیئر کیا۔ صدر مملکت نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ شہریوں کی جانب سے وفاقی محتسب کے پاس شکایات کے اندراج کے طریقہ کار کے بارے میں سوالات پوچھے ہیں۔ انہیں تفصیلی معلومات کیلئے وفاقی محتسب کے آن لائن پورٹل سے رجوع کرنا چاہئے ۔ اس لنک کے ذریعے شہری کو محتسب کے 11 دفاتر سے رابطہ کرنے کیلئے رہنمائی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ محتسب کے فیصلوں پر اپیلیں صدر کے پاس آتی ہیں اور وہ یقین دلاتے ہیں کہ صدارتی دفتر میں آنے والی ہر اپیل پر 24 گھنٹوں کے اندر فیصلہ کیا جائے گا۔ وفاقی محتسب کے دائرہ اختیار میں تمام وفاقی وزارتیں، وفاقی یونیورسٹیاں، تمام بینک اور انشورنس کمپنیاں آتی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ شہری ایک سادہ کاغذ پر بھی اپنی شکایت داخل کرا سکتے ہیں اور اس کیلئے انہیں کسی خرچے یا وکیل کی ضرورت نہیں ہے ۔ ادھر صدر مملکت سے ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد نے بدھ کو ایوان صدر میںملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال خصوصا معاشی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان کاروبار کے لئے ایک اچھی جگہ ہے ، حکومت کاروباری برادری کو سہولیات میسر کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ،حکومت کی تمام توجہ ملکی معیشت کی بہتری پر مرکوز ہے اور جس کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔