فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)وفاقی وزیر سائنس اینڈٹیکنالوجی فوادچودھری نے اعتراف کیا ہے کہ حکومتی ادارے لوٹا ہوا پیسہ واپس لانے میں ناکام رہے ہیں۔فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہاکہ کورونا سے بچنے کے لئے عوام کو بہت محتاط ہونا پڑے گا۔ ہمیں جون میں کورونا پھیلاؤ میں سب سے زیادہ تیزی کا خدشہ تھا اور وہی ہوا، شہری اپنی اور دوسروں کی جان بچائیں اورایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں۔انہوں نے بتایا کہ جلد ہی کورونا سے بچاؤ کی اشیا بنا کر ایکسپورٹ کرنے جا رہے ہیں جبکہ اس مد میں پاکستان کو 100 ملین ڈالر کے آرڈرز مل چکے ہیں۔ وینٹی لیٹر کا انسانی ٹرائل چل رہا ہے ، چند ہفتوں میں پیداوار شروع ہوجائیگی جس کے بعد پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہوجائے گا جو وینٹی لیٹر بناتے ہیں۔