لاہور،اسلام آباد، کراچی،پاکپتن ، کرمانوالہ، پنڈی بھٹیاں، واشنگٹن ( سٹاف رپورٹر،نامہ نگار خصو صی، اپنے سٹاف رپورٹر سے ،سپیشل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار،نمائندہ 92 نیوز،صباح نیوز) محسن پاکستان کی وفات پر دوسرے روزبھی پورا ملک سوگ میں ڈوبا رہا، اندورن و بیرون ملک کئی شہروں میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی،قوم نے بھر پور خراج عقیدت پیش کیا۔لاہور ہائی کورٹ بار نے ڈاکٹر عبدالقدیر کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی اور مغفرت کے لئے دعا مانگی گئی ۔جماعت اہلحدیث کے زیر اہتمام غائبانہ نماز جنازہ جامع القدس چوک دالگراں میں ادا کی گئی۔منصورہ میں حافظ محمد ادریس نے غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی، جس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق، میاں مقصود احمد ،ذکراللہ مجاہدسمیت کثیر افراد نے شرکت کی۔راوی روڈ اے کیو خان ہسپتال میں بھی غائبانہ نماز جنازہ اداکی گئی ۔ کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر نائب امیر جماعت غرباء اہلحدیث حضرت مولانا حافظ محمد سلفی صاحب کی امامت میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔پاکپتن اوراوکاڑہ میں جماعت اسلامی کی جانب سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔پنڈی بھٹیاں کے جوڈیشل تحصیل کمپلیکس میں بھی محسن پاکستان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ امریکی ریاست ٹیکساس میں بھی ڈاکٹر عبد القدیر کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، قونصل جنرل ابرار ہاشمی سمیت پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی ۔ ڈاکٹرعبد القدیر خان کو خراج عقیدت کی قراردادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی گئیں۔پی ٹی آئی رکن مسرت جمشید چیمہ اور لیگی رکن ربیعہ نصرت نے قراردادیں جمع کرائیں ۔دوسری جانب سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے اراکین سعید آفریدی اور شاہنواز جدون نے خراج عقیدت کی قرارداد جمع کرائی۔ وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی کی محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر کے گھر پہنچ گئے ،مرحوم کی بیٹی سے اظہارِ تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔کراچی بار ایسوسی ایشن نے یوم سوگ بنایا اوروکلاعدالتوں میں پیش نہیں ہوئے ۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام انتقال پر تعزیتی ریفرنس آج کیانی ہال میں ہو گا ۔