لاہور (کرائم رپورٹر) سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے کہا ہے کہ ملی اتحاد کی طاقت سے دنیا کو دکھانا ہے کہ ہم سب ایک ہیں۔ محرم الحرام میں بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے علما اور مشائخ اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ فرقہ ورانہ تقاریر، لاؤڈ سپیکر کے خلاف قانون استعمال سے گریز کیا جائے ۔ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں محرم الحرام کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی لاہور کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن ہماری صفوں میں دراڑ ڈالنے کی مذموم کوشش کر سکتا ہے ۔ ہمیں دشمن کی سازش اور ناپاک ارادوں کو مل کر ناکام بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری محافل کی انتظامیہ جلوسوں اور مجالس میں آنے والوں کی چیکنگ میں تعاون کریں۔ پارکنگ کا انتظام مجالس عزا سے 200 گز دور رکھا جائے ۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید، سی ٹی او ملک لیاقت اور ایس ایس پیز نے شرکت کی۔ پیر عثمان نوری، لیاقت صدیقی، مولانا شریف الدین، شکیل الرحمان ناصر، حافظ بابر رحیمی، خواجہ بشارت کربلائی، توقیر حسین ، آغا حسین قزلباش، کاظم رضا نقوی ، مشتاق حسین جعفری سمیت کمیٹی کے دیگر ارکان بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ پولیس امن کمیٹی کے ارکان کے ساتھ موثر رابطہ رکھے گی۔عاشورہ سمیت محرم کے تمام پروگراموں کا پرامن انعقاد یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔