کراچی(نیٹ نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ اگر محرومیوں کو دور نہ کیا گیا تو پھر لوگ صوبہ مانگیں گے ،صوبہ مانگنا کوئی غداری یا غلط نہیں بلکہ ایک ملک میں رہ کر ایک شہر یا طبقے کو نشانہ بنانا اور اسے محروم رکھنا زیادتی اور غداری ہے ۔پارٹی کے عارضی مرکز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا آئین کا آرٹیکل 27 کہتا ہے کہ شہری کو نسل، مذہب، ذات، رہائش اور پیدائش کی بنیاد پر نشانہ نہیں بنایا جائیگا، ملازمتوں میں استحصال کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہئیں،ذوالفقار بھٹو کے متعصبانہ کوٹہ سسٹم نے شہری سندھ کو محروم رکھا، اب یہ کوٹہ سسٹم ختم ہو چکا ہے لیکن پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اپنے متعصبانہ رویے سے باز نہیں آرہی۔ہم نئی پٹیشن لے کر عدالتوں اور اسمبلیوں میں جا رہے ہیں، تمام معاملات وزیراعظم کے سامنے بھی دوبارہ رکھیں گے ، کوٹہ سسٹم پر ایک عدالتی کمیشن بنایا جائے ۔