پشاور(92نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے دوسرے روز منگل کو بھی بغیر پروٹوکول کے پشاور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے حیات آباد، کارخانو مارکیٹ، جمرود روڈ اور رنگ روڈ کا اچانک دورہ کرکے لاک ڈاؤن کی صورتحال، ایس او پیز پر عملدرآمد ، صفائی اور ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے کارخانو مارکیٹ میں بعض دکانداروں کی طرف سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر برہمی کا اظہار کیا ۔وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو وارننگ دیتے ہوئے لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ادھرمحمود خان نے شہریوں سے پُرزور اپیل کی ہے کہ چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے گریز کریں۔انہوں نے کہاکہ اپنی چند لمحوں کی خوشی کے لئے کسی کے گھر کو ماتم کدہ نہ بنائیں۔ہوائی فائرنگ نہ صرف قانونی جرم بلکہ معاشرتی برائی بھی ہے ، ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں نکلنے والی اندھی گولی کسی کی جان لے سکتی یا عمر بھر کی معذوری سے دو چار کر سکتی ہے ۔شہری دوسروں کو بھی اس بات کی تلقین کرکے ذمہ دار اور مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔انہوں نے پولیس کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے مکمل سد باب کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔