اسلام آباد،کراچی ،ٹنڈو الہ یار،کوئٹہ(خبر نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،آن لائن) محسن پاکستان ڈاکٹر قدیر کی وفات کے چوتھے روز بھی فضا سوگوار رہی اور ملک کے مختلف شہروں میں غائبانہ نماز جنازہ اورفاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری رہا۔ادھروفاقی وزیر امین الحق ،ایم کیو ایم ارکان اسمبلی نے محسن پاکستان کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ہے ۔ٹنڈوالہ یار میں جماعت اسلامی اور جمعیت طلبہ نے غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جس میں کارکنان ،طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ گزشتہ روزمولانا فضل الرحمن، محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رہائش گاہ پر گئے ، مولانا کے ہمراہ سینیٹر طلحہ محمود بھی موجود تھے ۔ مرحوم کے داماد نعمان شاہ نے استقبال کیا۔مولانا فضل الرحمن نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور ایٹمی سائنسدان کیلئے دعائے مغفرت کی۔متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے اراکین اسمبلی کے وفد نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی قبر پر حاضری دی پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر سید امین الحق نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی صلاحیت اور کینپ کے قیام سمیت ایسے کئی کارناموں سے پاکستانیوں کا سر فخرسے بلند کیا ہے ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک عامر ڈوگر نے بھی محسن پاکستان کی قبر پر حاضری دی ،پھولوں کی چادر چڑھائی اور خصوصی دعا کی۔ادھرجمعیت علما اسلام نظریاتی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام ضلعی سیکرٹریٹ میں محسن پاکستان کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کیلئے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔