لاہور(بابر علی) نئے بلدیاتی اداروں کے لئے لوکل فنڈ اور پبلک اکائونٹ قائم کر نے کی سفارش کر دی گئی ہے ۔ لوکل فنڈ اور اکائونٹس کو آپریٹ کر نے کے لئے افسران کو بھی نامزد کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات پنجاب کی جانب سے سیکرٹری فنانس کو مراسلہ ارسال کیا گیا، جس میں نئے بلدیاتی اداروں کی مالی معاملات کے لئے لوکل فنڈ اور پبلک اکائونٹ قائم کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ سابقہ بلدیاتی نظام کے تحت لوکل فنڈ اور اکائونٹس 5جنوری تک استعمال کر نے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اب 5جنوری سے پہلے نئے بلدیاتی نظام 2019ء کے تحت لوکل فنڈ اور پبلک اکائونٹ قائم کر نے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ لوکل فنڈ اور پبلک اکائونٹ کے معاملات نئے بلدیاتی نظام کے تحت بجٹ ، اکائونٹس رولز نوٹیفائی ہو نے تک عبوری طور پر چلائے جائیں گے ۔ مراسلے میں لوکل فنڈ اور اکائونٹ کو آپریٹ کر نے کے لئے افسران کو نامزد کیا گیا۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشز میں چیف میٹرو پولیٹن آفیسر اور میٹرو پولیٹن آفیسر فنانس، میونسپل کارپوریشنز ،میونسپل کمیٹیز اور ٹاؤن کمیٹیز میں چیف آفیسر اور میونسپل آفیسر فنانس جبکہ تحصیل کونسلز میں چیف آفیسرتحصیل آفیسر فنانس کو نامزد کیا گیا۔