لاہور(قاضی ندیم اقبال)محکمہ اوقاف پنجاب نے صوبہ بھر کے 8ہزار50کرایہ داری یونٹس کے کرائے مارکیٹ ریٹ کے تحت وصول کرنے کی پالیسی پر کام شروع کردیا، ریکوری کی صورت میں محکمہ کو سالانہ 25کروڑ روپے کی بجائے 60کروڑ روپے وصول ہوں گے ، اور محکمہ آمدن میں سالانہ بنیادوں پر خالصتا کرایہ داری کی مد میں35کروڑ روپے اضافہ ہو گا، ابتدائی طور پر سرگودھا اور گوجرانوالہ زون نے نئے ریٹس پر ریکوری کا سلسلہ ترجیحی بنیادوں پر شروع کر دیا، لاہور زون کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے ، ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کے وقف ادارے اوقاف کے زیر انتظام مختلف مساجد، مدارس اور مزارات کے ساتھ مجموعی طور پر 8ہزار 50 وقف یونٹس موجود ہیں، جن میں د کانیں، مکانات، گودام، پٹرول پمپس کے علاوہ دیگر کمرشل یونٹس بھی شامل ہیں، لاہور زون میں2381یونٹس،بہاولپور1000،پاکپتن800،فیصل آباد میں 700،راولپنڈی 680،ملتان600،گوجرانوالہ350،ڈیرہ غازی خان280، داتا دربار زون میں258 کرایہ داری یونٹس موجود ہیں، بورڈ کے ایک اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا قواعد کے مطابق ہر تین سال بعد کرایہ میں اضافہ ہونا چاہئے ، صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ کی سربراہی میں ہونے والے اوقاف بورڈ کے اجلاس میں کرایوں میں اضافہ کی پالیسی منظور کر لی گئی۔ زونل ایڈمنسٹریٹرز پر واضح کیا گیا وہ اپنے اپنے زیر انتظام وقف یونٹس کے کرایوں میں اضافہ کے لئے ڈپٹی کمشنرز ریٹس، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ریٹس اور مارکیٹ ریٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے ریٹس فوری طور پر لاگو کریں، لاہور زون تاحال صرف80کرایہ داروں نے نئی شرح کے مطابق ادائیگی کی ۔