لاہور( حافظ فیض احمد) محکمہ اینٹی کرپشن لاہور ریجن میں تفتیشی افسروں اور ماتحت عملے کی موجیں ختم ہو گئیں، اینٹی کرپشن دفتر میں چیک ایند بیلنس کا عمل شروع کر دیا گیا، عملے کو اپنے مجاز افسر سے پوچھے بغیر دفتر چھوڑنے پر پابندی عائد کر دی گئی عملے کی لاپروائی اور غفلت کے باعث روز بروز زیر تفتیش فائلوں میں اضافہ ہونے پر محکمہ کی کارکردگی متاثر ہو رہی تھی، جس پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے احمر سہیل کیفی نے اپنے مجاز افسر سے اجازت لئے بغیر دفتر سے غائب ہونے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تنبیہ جاری کر دی کہ آئندہ کوئی اہلکار اپنا کام مکمل کرنے کے بعد اپنے انچارج سے اجازت لئے بغیر دفتر نہیں چھوڑے گا اور روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائے گا، اور اس حوالے سے تمام تفتیشی افسروں سمیت عملے کو باقاعدہ آفس آرڈر جاری کر دیا گیا ۔ اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق سائلین کو بھی مشکل کا سامنا تھا اور رتفتیشی افسر کی عدم دستیابی کا کہہ کر انہیں واپس بھیج دیا جاتا تھا۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کے تمام اہلکاروں کی روزانہ کی بنیاد پر حاضری بھی چیک کی جائے گئی کہ کون کتنے بجے آیا اور دفتر سے نکلتے ہوئے بھی ٹائمنگ چیک کی جائے گی۔