لاہور(گوہر علی)محکمہ بلدیات نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخاب کے انعقاد کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ قانون پنجاب اور محکمہ بلدیات پنجاب میں بلدیاتی انتخاب کے انعقاد کیلئے اتقاق رائے موجود ہے ۔ سیکرٹری قانون نذیر گجانہ اور سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر احمد جاوید قاضی میں اس حوالے سے کئی مشاورتی نشستوں کاانعقاد ہوچکا ہے جس میں نئے بلدیاتی قوانین کے ہر پہلو کا جائزہ لیا گیا ۔ دی پنجاب ویلج پنچایت اینڈ نیبر ہڈ کونسل بل2019اوردی پنجاب لوکل گورنمنٹ بل2019پر عملدرآمد کیلئے لائحہ عمل طے کرلیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا الیکشن کمیشن کے تحت بلدیاتی انتخابات کے شفاف اور غیر جانبدار انعقاد کیلئے دیگر متعلقہ اداروں کی بھی معاونت لی جائے گی اورجونہی الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے ہدایت جاری کی تو اس پر فوری عملدرآمد کیا جائے گا ۔ سیکرٹری قانون پنجاب نذیر گجانہ نے بتایا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخاب کے انعقاد میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ۔ محکمہ بلدیات نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں بلدیاتی انتخاب کیلئے تیاری مکمل ہونے کے حوالے سے خط بھی لکھ دیا ہے ۔ دی پنجاب ویلج پنچایت اینڈ نیبر ہڈ کونسل بل2019اوردی پنجاب لوکل گورنمنٹ بل2019 پر عمل کرنے کیلئے تیار ہیں، ان دونوں قوانین پر عمل کرنے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ۔