لاہور،ملتان(سپیشل رپورٹر، کامرس رپورٹر، جنرل رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے ، ایجنسیاں ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بغیر پروٹوکول پرائیویٹ گاڑی میں ملتان کا دورہ کیا۔ نشتر ہسپتال ملتان اور شہر کے مختلف مقامات پر صفائی اور ہسپتال میں سہولیات کے ناقص انتظامات پر ایم ایس نشتر اور ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو معطل کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے تربت سے واپسی پر رات گئے ملتان شہر کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا ۔ صبح سویرے نشتر ہسپتال کا پرائیویٹ گاڑی میں اچانک دورہ کیا ۔ دوروں سے انتظامیہ اور پولیس حکام مکمل لاعلم رہی ۔ انہوں نے ملتان میں صفائی کی صورتحال اور دیگر شہری سہولتوں کاجائزہ لیا ۔ وزیر اعلیٰ نے نشتر ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کامعائنہ کیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا صفائی کی خراب صورتحال اور ہسپتال میں علاج معالجے کے حوالے سے عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایم ایس نشتر ہسپتال اور ایم ڈی ملتان سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو معطل کردیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال پر برہم نظر آئے ۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ محکمے اپنا قبلہ درست کر لیں ۔ میں ہر شہر کے سرپرائز وزٹ کر کے شہری سہولتوں کا خود جائزہ لیتا رہوں گا ۔ متعلقہ افسران خود فیلڈ میں نکلیں اور انتظامات کاجائزہ لیکر بہتری لائیں ۔ دفتر میں بیٹھ کر سب اچھا ہے نہیں چلے گا ۔علاوہ ازیں انہوں نے پاکستان میں مقیم ہندو برادری کودیوالی تہوار کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں ۔بعدازاں انہوں نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادیوں پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کے واقعات کی شدید مذمت کی ۔