اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اُمورکشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ مخالفین نے بھی دوقومی نظریے کی سچائی کوتسلیم کرلیا،بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدو جہد کو کسی صورت شکست نہیں دے سکتا۔ایک بیان میں وفاقی وزیرنے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے ، خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے بعد سے بھارت کے ظالمانہ رویے میں بے پناہ شدت آئی ۔ حق خودارادیت کی جدوجہد کو کچلنے کیلئے سابق بھارتی جنرل کی طرف سے کشمیری خواتین کی بے حرمتی کوجائز قرار دینا انتہائی شرمناک ہے اور یہ ہندو فاشسٹ ایجنڈے کی کھلی عکاسی کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کیلئے اسرائیل طرز پر ہندو آبادکاری کا ناپاک منصوبہ بنا رہا ہے ،وہ خود بھارت کا شیرازہ بکھرنے کا سبب بنے گا۔ مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام ایسے کسی بھارتی منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، پاکستان دنیا کے تمام فورمز کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بھرپور انداز میں بروئے کا ر لانے کا عمل جاری رکھے گا۔