اسلام آباد،لاہور، اوکاڑہ،نارنگ منڈی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، الہ آباد/ٹھینگ موڑ ( این این آئی ، مانیٹرنگ ڈیسک، اپنے سٹاف رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر ، ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نامہ نگار) پنجاب اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں طوفانی بارش ہوئی جس کے دوران کئی گھروں کی چھتیں گر گئیں جبکہ درخت بھی جڑوں سے اکھڑ گئے جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد سمیت13 شہری جاں بحق ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد ، لاہور ،مری ، مظفر آباد ، سیالکوٹ، نارووال ،گوجرانوالہ و دیگر اضلاع میں طوفانی بارش اور ژالہ باری ہو ئی ۔ بارش کے باعث آئیسکو کے 70فیڈر متاثر ہوئے ۔ ملکہ کوہسار، فیصل آباد ، سرگودھا اور گردونواح میں ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ آندھی کے باعث 85فیڈر ٹرپ کرگئے ۔ترجمان لیسکو کے باعث آندھی کے باعث ناردرن اور شیخوپورہ سرکل سب سے زیادہ متاثر ہوئے ۔ سلانوالی، کوٹ مومن، ساہیوال ، بھیرہ ، بھلوال، شاہ پور، پھلروان میں بھی موسلادھار بارش سے فیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے ۔محکمہ موسمیا ت کا کہنا ہے کہ آج منگل کے روز ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی اور زیریں اضلاع میں شدید گرم اور خشک رہے گا۔ اوکاڑہ شہر اور گردو نواح میں 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والے طوفانی بارش سے گوگیرہ میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ درخت گرنے اور دیوار گرنے سے دو افراد چل بسے ، جاں بحق افراد میں 3بچے اور 3خواتین شامل ہیں ۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں آسمانی بجلی گرنے سے 30 سالہ زمیندار ناصر جبکہ نارنگ منڈی میں نوجوان جاں بحق ہوگیا۔حویلی لکھا میں آندھی کے باعث دیوار گرنے سے ایک شخص چل بسا ۔ساہیوال میں مکان کی چھت گرنے سے 2افراد زخمی ہوگئے ۔الہ آباد و گردونواح میں آسمانی بجلی گرنے سے مویشیوں کے باڑے میں آگ لگ گئی ۔اہلِ دیہہ نے مویشیوں کو باہر نکال لیا جبکہ باڑے کی چھت اور بھوسہ جل کر خاکستر ہو گئے ۔