مکرمی! آپ کے موقر اخبار کی وساطت سے عرض گزار ہوں کہ میرا نام شفیق احمد ہے۔ میں ہری پور کا رہنے والا اور پیشے کے لحاظ سے حجام ہوں میرا ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔ بڑی بیٹی عنایہ ایک دن اچانک زمین پر گر پڑی، اسے مقامی ہسپتال ہری پور لے گئے جہاں پر ایمرجنسی میں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بتایا کہ میری بیٹی دل کے مرض میں مبتلا ہے اور اس کے دل میں سوراخ ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس کا آپریشن ایک ماہ کے اندر کروانا ہے۔ اس آپریشن کے اخراجات 4 لاکھ روپے ہیں۔ میں بے حد پریشان ہوں کہ اتنی بڑی رقم کہاں سے لائوں۔ صحت انصاف کارڈ کے لئے رابطہ کیا تو بتایا گیا کہ میں اس کارڈ کا اہل نہیں۔ میں ایک غریب حجام ہوں، بمشکل پانچ چھ سو روپے روزانہ کماتا ہوں گھر کرایہ پر ہے۔ ان حالات میں بیٹی کے آپریشن کے لئے 4 لاکھ روپے کہاں سے لائوں۔ زکوٰۃ اور بیت المال کے دفتروں کے چکر لگا لگا کر تھک چکا ہوں۔ دم درود بھی کروا چکا ہوں لیکن کوئی افاقہ نہیں۔ میں اور میری بیٹی اب اس انتظار میں ہیں کہ شاید کوئی اللہ کا نیک بندہ میری بیٹی کو ہسپتال لے جا کر اس کا آپریشن کروا دے۔ سب لوگوں سے دعا کی اپیل ہے۔ جو لوگ مدد کر سکتے ہیں وہ میری بیٹی کے آپریشن کے لئے AFIC ہسپتال راولپنڈی میں 4 لاکھ روپے جمع کرا دیں۔ مخیر حضرات میری مدد کریں جس کے لئے مجھ سے اس نمبر پر 0307-5963692 رابطہ کر سکتے ہیں۔ (شفیق احمد ولد عبدالرحمن تحصیل ہری پور)