ممبئی(نیٹ نیوز)2016 میں عامر خان کی سپرہٹ فلم 'دنگل' سے بولی وڈ میں مشہور ہونے والی اداکارہ زائرہ وسیم نے مذہب کی خاطر فلمی صنعت کو خیرباد کہنے کے ایک برس بعد مداحوں سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ان کی تصاویر ہٹانے اور انہیں شیئر نہ کرنے کی درخواست کردی۔انڈین ایکسپریس کے مطابق انہوں نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ کے کیپشن میں لکھا یہ پیغام میں نے گزشتہ برس اپنے مداحوں سے شیئر کیا تھا، اگر آپ نے نہیں پڑھا تو اسے دوبارہ پڑھ لیں۔ مداحوں کی محبت پران کی مشکور ہوں، آپ میری قوت کا ذریعہ بنے ، ہر چیز میں میرا ساتھ دینے کے لیے موجود رہنے پر آپ لوگوں کا بہت شکریہ ادا کرتی ہوں،میں اس بات سے آگاہ ہوں کہ انٹرنیٹ سے میری تمام تصاویر ہٹانا ناممکن ہے لیکن میں کم از کم آپ کے پیجز سے یہ درخواست کرسکتی ہوں کہ انہیں شیئر نہ کریں۔ اُمید کرتی ہوں کہ آپ اس سلسلے میں میری مدد اور سپورٹ کریں گے جس طرح پہلے ہر معاملے میں میرا ساتھ دیا ہے ۔