فیصل آباد (وقائع نگارخصوصی) مدینہ فاؤنڈیشن کے زیراہتمام شادی کی اجتماعی تقریب ، 50 جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے ۔دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے انجینئرنگ کیمپس میں ہونیوالی تقریب میں دولہااوردلہن کے رشتہ داروں نے شرکت کی،مذہبی رسومات کی ادائیگی کیساتھ دلہنوں کو رخصت کیا گیا،بیٹیوں کے ہاتھ پیلے ہونے پر والدین نے اللہ کا لاکھ لاکھ شکر اداکیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی یونیورسٹی آف فیصل آباد (انجینئرنگ کیمپس )کے ایڈیشنل رجسٹرار اکیڈیمک کرنل (ر) عابد مشتاق تھے ، دلہنوں نے سرخ رنگ کے عروسی ملبوسات زیب تن کر رکھے تھے ،مدینہ فاؤنڈیشن انتظامیہ کی جانب سے ہر دلہن کو 2لاکھ کا جہیز بھی فراہم کیا جس میں ضروریاتِ زندگی کی اہم ترین اشیا شامل تھیں ، مہمانوں کوپُرتکلف کھانا انتہائی خوش اسلوبی سے کھلایا گیا ، دولہا اور دلہنوں کا کہنا تھا کہ وہ زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر بے حد خوش ہیں اور دعا گو ہیں کہ اﷲ تعالیٰ انہیں خوش و خرم زندگی گزارنے کا موقع دے ۔ والدین نے بیٹیوں کا جھ سر سے اترنے پر پر نہ صرف رب العالمین کا شکر ادا کیا اورمدینہ فاؤنڈیشن انتظامیہ کو اس کارِ خیر میں حصہ لینے پر ڈھیروں دعائیں دیں ۔ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد انجینئرنگ کیمپس کے ایڈیشنل رجسٹرار اکیڈیمک پروفیسر ڈاکٹر نجیب حیدر اور کرنل (ر) عابد مشتاق کا کہنا تھا کہ بیاہے جانے والے جوڑوں کا تعلق فیصل آباد ،لاہور ، جھنگ ، لیہ ،سرگودھا ،ڈجکوٹ اوردیگر علاقوں سے تھا ، مدینہ فاؤنڈیشن اس سے قبل بھی نیکی کے کاموں میں پیش پیش رہی ہے ، پہلے بھی مستحق جوڑوں کی شادیا ں کرائی گئی ہیں ، آئندہ بھی والدین اپنے بیٹے یا بیٹی کی شادی کیلئے مدینہ فاؤنڈیشن سے رابطہ کر سکتے ہیں ،معروف مبلغ قاری نیاز احمد نے نکاح پڑھایا اور دعا فرمائی ۔