مدینہ منور ہ ، اسلام آباد (این این آئی، خصوصی نیوز رپورٹر )عودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کے قریب بس حادثے کے نتیجے میں 35 غیرملکی مسافر جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے ، مدینہ پولیس کے ترجمان نے بتایا حادثہ مدینہ منورہ سے 170 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع حجرہ روڈ پر پیش آیا، نجی بس مسافروں کو لے کر جارہی تھی کہ ایک لوڈر سے ٹکرا گئی، عرب نیوز نے بتایا کہ بس میں 39 افراد سوار تھے ، جن میں سعودی عرب میں مقیم ایشیائی اور عرب شہری بھی شامل تھے ، سعودی پریس ایجنسی نے مزید کہا کہ زخمیوں کو الحمنہ ہسپتال منتقل کردیا اور حکام نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں افسوسناک خبر دی ہے مدینہ میں بس حادثہ کی ابتدائی رپورٹ میں کئی پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بچ جانے والے زخمیوں میں اکبر نامی ایک پاکستانی بھی شامل ہے ، پاکستانی سفارتی مشن کے 3حکام رابطے کے لیے متعین کردیئے گئے ، بیان میں کہا گیا ہے جدہ میں قونصلیٹ جنرل کا عملہ سعودی حکام اور شاہ فہد ہسپتال حکام سے رابطے میں ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مدینہ شریف کے قریب زائرین کی بس کو پیش آنے والے خوفناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے سعودی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں ۔