کوئٹہ(صباح نیوز،این این آئی ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان کے دشمن چاہتے ہیں کسی طرح پاکستان کو بلیک لسٹ کرا دیں جبکہ وزیر مملکت داخلہ کے ہزارہ برادری سے مذاکرات کامیاب ہوگئے جس پر ہزارہ برادری نے 4 روز سے جاری دھرنا ختم کرنیکا اعلان کردیا۔ شہریار آفریدی نے کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہزار گنجی واقعہ پر انتہائی افسوس ہے اور میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے واقعہ کی تعزیت کرنے آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ دشمن چاہتے ہیں پاکستان کو ایسے نقصان پہنچائیں کہ پاکستان بکھر جائے ۔ اپنے عزم کی بدولت ملک پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے ۔وزیر مملکت نے کہا کہ مختلف بنیادوں پر ہمیں لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، ہم دشمن کی سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ دشمن پاکستان کو ہر سطح پر نقصان پہنچانا چاہتا ہے ۔ ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی ہماری نیت پر شک نہ کرے ، ہم ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے ۔ اس سے قبل کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پرہزارہ برادری کے دھرنے اور رکاوٹوں کے باعث مغربی بائی پاس پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہی جس کی وجہ سے شہر بھر میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ دریں اثناوزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال سے شہر یار آفریدی نے ملاقات کی جس میں سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر مشیر وزیراعظم زلفی بخاری بھی موجود تھے ۔