اسلام آباد، کوئٹہ (سپیشل رپورٹر، سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں )بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما اور سابق سپیکر میرعبدالقدوس بزنجو بلا مقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوگئے ۔سپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل کی سربراہی میں ہونیوالے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے 18ویں وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے ہیں۔ عبدالقدوس بزنجو کو وزیراعلیٰ کے عہدے کیلئے 39 اراکین کے ووٹ ملے ۔ قائد ایوان کے انتخاب کیلئے ہونے والی ووٹنگ میں اپوزیشن کی جانب سے صرف پیپلز پارٹی کے نواب ثنا اللہ زہری نے ووٹ دیا۔جمعیت علمائے اسلام (ف)، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) اور آزاد امیدوار نواب اسلم رئیسانی نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔سابق وزیراعلیٰ جام کمال خان بھی نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے وقت ایوان میں موجود نہیں تھے ۔قواعد کے مطابق غیر موجوداراکین کی حاضری کیلئے 5 منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں جس کے بعد اسمبلی کے دروازے بند کر دئیے گئے ۔5 منٹ کے بعد اراکین اسمبلی ایوان میں عملے کے پاس اپنے ووٹ کا اندراج کرانا شروع کیا۔ سپیکر اور اتحادیوں نے نئے قائد ایوان کو مبارکباد دی۔بعدازاں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے عہدے کا حلف اٹھا لیا،گورنر بلوچستان ظہور آغا نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے حلف لیا،گورنرہائوس کوئٹہ میں ہونیوالی تقریب حلف برداری میں اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور سینیٹرز شریک ہوئے ،گورنر پنجاب اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی بھی تقریب میں شریک ہوئے ۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے میر عبدالقدوس بزنجو کومبارکباد دی اور کہا میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے روشن مستقبل کی اُمید ہیں۔ وہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر یں گے ۔بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان نے 15دن میں حکومتی پالیسی کو ایوان اور عوام کے سامنے لانے ، کوئٹہ میں فوری صفائی مہم شروع کرنے ، دسمبر تک تمام خالی اسامیاں پر، صحت اور تعلیم کے انڈومنٹ فنڈز میں دو دو ارب اضافے اور قیدیوں کی سزا میں 2ماہ تخفیف کا اعلان کرتے ہوئے کہا صوبے کی تقدیر بدلنے کیلئے اسلام آباد کا رخ کریں گے ، نئے منصوبے لائیں گے ، وفاقی حکومت، عوام اور بیوروکریسی کے تعاون کے بغیر کچھ نہیں کرسکتا۔دریں اثناء نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اسمبلی اجلاس کے دوران طبعیت اچانک خراب ہو گئی، سول ہسپتال سے میڈیکل ٹیم طلب کرلی گئی، ڈاکٹروں نے انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا ۔ ایم ایس ڈاکٹرجاوید کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کے تمام ٹیسٹ کئے گئے ۔ بلڈ پریشرکم ہوجانے سے گھبراہٹ محسوس کررہے تھے ۔ اب ان کی طبعیت بہترہے ۔ میر عبد القدوس بزنجو صوبے کی تاریخ میں 2مرتبہ وزیر اعلیٰ بننے والے دوسرے وزیر اعلیٰ ہیں۔وہ 2018ئمیں پہلی بار وزیر اعلیٰ بنے تھے ان سے قبل نواب ذوالفقار مگسی کو 1990ئاور 1993ئمیں 2باروزیراعلیٰ بننے کا اعزازحاصل تھا۔