کراچی (کامرس رپورٹر )مراکش کے سفیر محمد کرمون نے پاکستان اور مراکش کا مابین معمولی تجارت حجم کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی کی تاجروصنعتکار برادری کومشورہ دیا ہے کہ سال میں کم ازکم دوبارتجارتی وفود کے تبادلے کیے جائیں تاکہ مراکش میں تجارت وسرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے جو افریقی خطے کا گیٹ وے ہے ۔پاکستانی تاجربرادری مراکش کے امریکا اور یورپی یونین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدوں کافائدہ اٹھائے اورتجارت و سرمایہ کاری کے دستیاب مواقعوں کا ضرور جائزہ لے ۔یہ بات انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی ) کے دورے کے موقع پرکہی۔ اس موقع پر کے سی سی آئی کے صدرآغا شہاب احمدخان،سینئر نائب صدر ارشد اسلام، ڈپلومیٹک مشنز و ایمبیسیزلائژن سب کمیٹی کے چیئرمین شمعون ذکی، سابق صدر مجید عزیز، مراکش کے اعزازی قونصل جنرل مرزا اشتیاق بیگ اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے ۔مراکش کے سفیر نے کہاکہ مراکش اور پاکستان کے مابین تجارتی حجم دونوں ملکوں کی تاجربرادری کی توقعات کے مطابق نہیں لہٰذا موجودہ کم تجارتی حجم کو بہتر بنانے کے لیے دونوں جانب سے مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے ۔