لاہور(خبرنگارخصوصی،نیوزایجنسیاں ) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کرپشن کا بہانا ہے ، سندھ حکومت نشانہ ہے ، مراد علی شاہ کو گرفتار کیا گیا تو بھی وزیراعلیٰ برقرار رہینگے ،ہماری،اپوزیشن کی قیادت کوٹارگٹ کیا گیا،ماضی میں ڈیل کی نہ آئندہ کرینگے ،ہرطبقہ پریشان ہے ، خورشید شاہ کو ایسے مقدمے میں گرفتار کیا گیا جن سے وہ ہائی کورٹ سے بری ہو چکے ہیں۔ وہ بلاول کی سالگرہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ، اس موقع پر بلاول کی 31 ویں سالگرہ کاکیک کاٹا گیا،تقریب میں چودھری منظور ، سید حسن مرتضیٰ ،، حاجی عزیزالرحمن ٰچن ، ثمینہ خالدگھرودیگر بھی موجو د تھے ۔ قمرزمان کائرہ نے کہا کہ بلاول کی سالگرہ کشمیر کی نازک صورتحال ،پیپلزپارٹی کی قیادت کے خلاف انتقام اور محرم کی وجہ سے سادگی سے منا رہے ہیں،حیرت کی بات ہے پی پی ہی کے رہنمائوں پر مقدمے بنتے ہیں ، نیب کے ساتھ پنجاب میں جو سلوک ہوا ان کے لوگوں کو تھپڑ مارے گئے کیا یہ یہی سلوک چاہتے ہیں ،نیب ایک بے مہار ادارا بنا ہوا ہے ، یہ سب سندھ حکومت گرانے کیلئے کیا جا رہا ہے ،زرداری ، فریال تالپور اور خورشید شاہ گرفتار کر کے آپ سندھ میں عدم استحکام نہیں لا سکے ،آپ کچھ بھی کر لیں نیب کچھ بھی کر لے سندھ حکومت نہیں گرا سکتے ،کے پی کے میں بس منصوبے کے ساتھ کیا کیا نہیں کیا گیا، پشاور میں کرپشن نظر کیوں نہیں آ رہی، ہمیں پارٹی اور نظریہ چھوڑنے کیلئے دبائو ڈالا جا رہا ہے ، کشمیر میں یہ ناکام ہو رہے ہیں ، ان سے ہو کچھ نہیں رہا اس لئے پکڑ دھکڑ سے کشمیر اور کارکردگی سے توجہ ہٹا نا چاہتے ہیں ، ہو سکتا ہے کہ میری گاڑی سے بھی کچھ نکال کر مقدمہ کر دیں،چونیاں کا واقعہ آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے ۔