گھوٹکی ،رحیم یار خا ن ،ملتان،اسلام آباد، لندن( نامہ نگاران ، خصوصی رپورٹر،سٹی رپورٹر ،سپیشل رپورٹر، خبر نگار خصوصی، ایجنسیاں ) چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہاہے کہ الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے ،عمران خان کرسی چھوڑ کر لند ن بھاگنے والے ہیں ،مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ نمبرز پورے کرلیے ، اگلے 48گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد لائیں گے ۔ پیپلزپارٹی کا عوامی مارچ سندھ کے شہروں کا دورہ مکمل کرنے کے بعد پنجاب کی حدود میں داخل ہو گیا، رحیم یار خان پہنچنے پر مارچ کا شاندار استقبال کیا گیا۔ قبل ازیں گھوٹکی اور صادق آباد میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الٹی گنتی شروع ہوگئی ،عمران خان کرسی چھوڑ کر لندن بھاگنے والے ہیں،لانگ مارچ کے پنجاب میں داخل ہونے کے بعد اب دمادم مست قلندر ہو گا۔ کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ نے ہر آدمی کی زندگی مشکل کردی ہے ۔ان کے دور میں میڈیا کو بند کیا گیا ، پیکا آرڈیننس غیرجمہوری اور غیرآئینی قانون ہے اور ہم اس کو نہیں مانتے ۔بلاول بھٹو نے رحیم یار خان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ اگر پٹرول مہنگا ہو تو وزیراعظم چور ہے عمران خان جھوٹا اور ناجائز وزیراعظم ہے ۔آج پنجاب میں داخل ہوئے ہیں پنجاب کے جوانوں کو سرخ سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیراعلی سندھ سید مراد شاہ نے فقیدالمثال استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے رہنمائوں اور جیالوں کو رحیم یار خان پہنچنے پر ویلکم کیا۔عوامی مارچ آج ملتان پہنچے گا۔ترجمان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب نے کہا کہ وزیراعلی سندھ نے وزیر اعلی پنجاب کو فون کر کے بتایا کہ پنجاب پولیس عوامی مارچ کے شرکا کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے جس پر وزیراعلی پنجاب نے رکاوٹیں ہٹانے کی یقین دہانی کرائی ۔دریں اثنامولانا فضل الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہاسٹیبلشمنٹ کا مجھ سے کوئی رابطہ نہیں ،ن لیگ پیپلزپارٹی کا اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ ہے یا نہیں، میرے علم میں نہیں ۔اگلے 48 گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی۔ہمارے پاس تحریک کی کامیابی کے لیے نمبرز پورے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاامپائر بظاہر نیوٹرل نظر آ رہے ہیں۔عدم اعتماد کی تحریک کی سو فیصد کامیابی کا یقین ہے ۔ادھر پی ڈی ایم کے سربراہ سے لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کی ہدایت پر ملاقات کی اور تحریک عدم اعتماد اور اسکے ٹائم فریم پر مشاورت کی ۔ تحریک اعتماد جمع کرانے کی تیاریوں سے نوازشریف کو آگاہ کر دیا گیا ۔سر دار ایاز صادق ، رانا ثناء اﷲ اور خواجہ سعد رفیق نے قائدین کو نو ر کنی کمیٹی کے اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ن لیگی سینیٹر نزہت صادق اور احمد رضا قادری سمیت مختلف شخصیات نے نوازشریف سے ملاقات کی ۔تحریک عدم اعتماد کب تک جمع ہوگی ؟ کے استفسار پر نوازشریف معنی خیز انداز میں مسکرادیئے جبکہ اسحاق ڈار نے کہا کہ جلد خوشخبری ملے گی۔پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اﷲ نے کہا کہ عمران خان کیا تم گھبرا گئے ؟۔یہ وہی چودھری برادران ہیں جو بارہا آپ سے ملنے کی درخواست کرتے رہے ۔علاوہ ازیں اپوزیشن نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لئے ریکوزیشن تیار کرلی اور ریکوزیشن اجلاس کے دوران ہی وزیر اعظم یا سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا فیصلہ کیا جائیگا ۔اپوزیشن ذرائع نے بتایا کہ تحریک عدم اعتماد پر 100 سے زائد اراکین کے دستخط ہیں اورر شہباز شریف کی طرف سے گرین سگنل ملتے ہی یہ تحریک قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی جائے گی۔