لاہور ( خصوصی رپورٹ)92 نیوز چینل نے اپنے مرکزی دفتر لاہور سے ملحقہ جامع مسجد سرکار دوعالم ﷺ میں مسجد لائبریری کا آغاز کردیا، محمد اسلم ترین اور ڈاکٹر محمد نوید ازہر نے نماز جمعہ کے بعد اس کار خیر کا افتتاح کیا، بغیر کسی فیس اور جرمانہ کے شروع کی گئی لائبریری کا مقصد عام مسلمانوں بالخصوص نوجوانوں کو اسلامی لٹریچر کی طرف راغب کرنا ہے ، حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے یوم وصال کی مناسبت سے خصوصی خطاب کے بعد لائبریری کا افتتاح کیا گیا۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر نوید ازہر نے کہا اسلامی تاریخ کا حقیقی معنوں میں آغاز سفر ہجرت سے ہوتا ہے اور حضرت ابوبکر صدیق ؓاس سفر میں حضور ﷺ کے ساتھ تھے ، اس طرح اسلامی تاریخ نبوی تاریخ کیساتھ صدیقی تاریخ بھی ہے ، آپ ؓ وہ ہستی ہیں جنہیں حضور اکرم ﷺ نے اقتدا کا شرف عطا کیا اور آپؓ نے حضور ﷺکی حیات طیبہ میں 17 نمازوں کی امامت فرمائی، آپ ؓ کی چار پشتوں کو صحابیت کا شرف ملا جو دیگر کسی کو نہیں ملا، حضرت عمر ؓ فرماتے تھے صدیق اکبر ؓ کی ایک رات اور ایک دن عمر ؓ کی ساری زندگی سے افضل ہے ، صدیق اکبرؓ حضور ﷺ کے رفیق غار بھی تھے اور رفیق مزار بھی ہیں۔ لائبریری کے افتتاح کے حوالے سے اپنے پیغام میں اسلم ترین نے کہا اس کار خیر کا مقصد صاحب حیثیت لوگوں کو یہ ترغیب دلانا ہے کہ وہ بھی لوگوں میں مذہبی تعلیم و تربیت کا اہتمام کریں اور علمی جہاد میں اپنا حصہ ڈالیں، دور کا اہم تقاضا ہے کہ قرآن اور صاحب قرآن کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کیا جائے ، نماز جمعہ کے اجتماع میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔