لاہور،ملتان(خصوصی نمائندہ، خبرنگار، مانیٹرنگ ڈیسک،92 نیوزرپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے 189مشتبہ کیسز ہیں جبکہ28مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ۔وہ ملتان میں لیبر کمپلیکس میں قائم کئے گئے قرنطینہ مرکز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ،وزیراعلیٰ نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے 5ارب روپے کے خصوصی فنڈز کے قیام کا اعلان کیا۔عثمان بزدار نے کہا کہ صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ آفس میں ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے ،مری سمیت سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے ،سیکرٹریٹ او رسرکاری دفاتر میں لوگوں کی آمد ورفت کو محدود کردیا گیاہے جبکہ دفاتر میں انتہائی ضروری سٹاف ہی حاضر ہوگا جبکہ دیگر عملہ سکائپ پر سرکاری امور سرانجام دے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ شاپنگ ہالزاور ریسٹورنٹس رات 10بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ،میڈیکل سٹور اورجنرل سٹورز کھلے رہیں گے ،فیکٹریاں اور منڈیا ں بھی کھلی رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں قرنطینہ کی سہولت کو بہتر بنایاجائے گا،پنجاب حکومت دیگر صوبوں خصوصاً بلوچستان کی قرنطینہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے معاونت کرے گی اور بلوچستان کی حکومت کو تفتان میں قرنطینہ سنٹر کے قیام کے حوالے سے مدد دینگے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے تفتان میں قرنطینہ مرکز قائم کرنے کا جائزہ لے رہی ہے ،محکمہ صحت کو کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے تقریباً 24کروڑ روپے جاری کئے جاچکے ہیں،محکمہ صحت کے لئے ایک ارب روپے کے مزید فنڈز بھی مختص کر دئیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت ضرورت پڑنے پر ایک ہزار بستر وں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال بھی بنائے گی،لاہور ،راولپنڈی او رمظفر گڑھ میں 3ہسپتالوں کو کرونا کے مریضوں کے لئے مخصوص کیا گیاہے ،پنجاب میں دفعہ 144 اور ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے لیبرکمپلیکس میں قائم قرنطینہ مرکز کا دورہ کیا ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس کے خلاف ایکشن پلان پر موثر طور پر عملدرآمد پر اتفاق کیا گیا ، عسکری قیادت کی جانب سے سول حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومتی اقدامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ پنجاب کے داخلی راستوں پر نقل و حرکت اور سکریننگ کا نظام مزید موثر بنایا جائے گا،وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے ۔کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے کہا کہ پنجاب حکومت کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے ،ہم حکومت کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے علامہ ناصر مدنی پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔وزیراعلیٰ نے سابق وفاقی وزیر سید ممتاز عالم گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔