لاہور(نامہ نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پاسپورٹ کے حصول کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل تین رکنی فل بنچ کل 14ستمبر کو سماعت کرے گا۔ مریم نواز نے اپنے پاسپورٹ واپسی کیلئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے لیکن ججز چار بار کیس سننے سے معذرت کر چکے ہیں۔ادھرسیشن عدالت نے مریم نواز کے سپریم کورٹ کے ججوں کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے کیخلاف دائر اندراج مقدمہ کی درخواست پرمزید سماعت 14 ستمبر تک ملتوی کر دی، پولیس نے عدالت میں رپورٹ داخل کی جس میں کہاگیاکہ 2 عدد ویڈیوز آن لائن کا معاملہ ہے جو پیکا آرڈیننس 2016 کے مطابق سائبر کرائم کے زمرے میں آتی ہیں، درخواست گزار متعلقہ فورم ایف آئی اے سے رجوع کرے ،عدالت درخواست کو داخل دفتر کرنے کاحکم دے ۔