لاہور،فیصل آباد(سٹاف رپورٹر،اپنے نیوز رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں )مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے جو مرضی ہتھکنڈے اختیار کرلیں نوازشریف کی ٹیم کوخوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ، نیب نیازی گٹھ جوڑ عوام کی خدمت کرنے والوں کو سزا دینے کے سیاسی انتقام کے مشن پر ہے ،حنیف عباسی کو نیب نیازی گٹھ جوڑ کا بھجوایا جانے والا سوالنامہ مضحکہ خیز اور تضادات کا مجموعہ ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا نیب نیازی گٹھ جوڑکے خلاف سپریم کورٹ، اسلامی نظریاتی کونسل، بارایسوسی ایشنز اور عوام عدم اعتماد کا نوٹس جاری کرچکی ہیں ،نیب نیازی گٹھ جوڑ نے ملک میں احتساب کا مذاق اور سیاسی انتقام کی تاریخی مثال قائم کی ہے ،حنیف عباسی نوازشریف کے بہادر، وفادار سپاہی اور ساتھی ہیں۔مسلم لیگ (ن )پنجاب کے صدرراناثناء اﷲ نے دعویٰ کیا سینٹ الیکشن سے قبل حکومت کا خاتمہ اورعام انتخابات ہونگے ،ملک اورعوام کے جوحالات ہیں اُن میں حکومت سے نجات ضروری ہے ، اے پی سی بہت جلدہوگی، رہبرکمیٹی کے فیصلے مکمل ہونے کے بعدتاریخ کااعلان کردیاجائے گا، مریم نوازکی گاڑی پرہونے والے حملہ کی قانونی کارروائی کے لئے عدالت میں رٹ دائرکر دی،100فیصد امید ہے کہ نامزدملزموں کے خلاف کارروائی ہوگی،نیب میں2سال سے صرف اپوزیشن کا احتساب ہورہاہے ،کسی حکومتی رکن کاہواہے نہ ہوگا ۔نیب لاہور پیشی پر حنیف عباسی نے کہا میرے خاندان پر زمین تنگ کردی گئی ہے ، پیٹ پر پتھر باندھیں گے لیکن ہمت نہیں ہاریں گے ، میری دوائی کو منشیات بنا دیا گیا،لڑ کر مرنے والا بند ہوں ، نوازشریف اور ن لیگ کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا،مدینہ منورہ میں بیٹھا تھا تو پیغام آیا واپس مت آنا لیکن پھر بھی میں واپس آگیا۔ نیب والے پوچھ رہے ہیں ڈی ڈی ایس سی اور اے بی ایس کیا ہے ؟،یہ مجھے 10مرتبہ بلائیں میں آؤنگا۔