لاہور،اسلام آباد (خصوصی نمائندہ،نیوز رپورٹر، نامہ نگار،سپیشل رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے نیب اور پولیس پر پتھراؤ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ مریم نواز نے اپنے والد کی طرح اداروں پر حملے کی روایت برقرار رکھی اور اپنے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ سجایا، شہباز شریف اور ن لیگ کی سیاست پر خودکش حملہ کیا اور اپنا سیاسی جنازہ نکال دیا۔گزشتہ روز نیب آفس میں مریم نواز کی پیشی کے واقعہ پر وزیرقانون پنجاب بشارت راجہ کیساتھ90شارع قائد اعظم پر پریس کانفرنس اور اپنے بیان میں ردعمل دیتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ مریم نواز نے ایک بارپھرثابت کردیاکہ انکی شخصیت منفی ، باقی ن لیگی لیڈرشپ آج چہرہ دکھانے کے قابل نہیں رہی۔ جاتی عمرہ میں لیگی قیادت نے 10 لاکھ روپے تقسیم کئے ، پتھر مارنے والے فی کارکن کو 25 ہزار جبکہ مریم نواز کی گاڑی پر پتھر مارنے والے کارکن کو ایک لاکھ روپے دیئے ۔نیب چھاپے کے دوران شہباز شریف کے گرفتار نہ ہونے کا سب سے زیادہ افسوس مریم کو ہوا تھا، چاہتی ہیں جس طرح انکی اورنواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی، اس طرح شہباز اور حمزہ کی سیاست بھی ختم ہوجائے ۔ بیگم صفدر اعوان کی مثال نو سو چوہے کھا کے بلی حج کو چلی کے مترادف ،انکا دعویٰ تھا کہ انکی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں جبکہ آج سینکڑوں کنال اراضی کی رجسٹریاں ، کاغذات انکا منہ چڑا رہے ۔ اراضی غیر قانونی طریقہ سے حاصل کی ، دو نمبر ی سے سرکاری اراضی پر قبضہ کیا ۔ن لیگی کارکن جنج ٹر پئی واجیاں نال میں لڈیاں پاواں کے مصداق بھنگڑے ڈال رہے تھے ۔ جس نے چوری کی اسے حساب دینا پڑیگا اور جو سینہ زوری دکھائے گا اسے منہ توڑ جواب ملے گا۔ جلسے جلوسوں کے زور پر شریف خاندان اور لیگی قائدین احتساب سے نہیں بچ سکتے ۔ ویسے ن لیگ کی چوری کے اوپر سینہ زوری، ڈھٹائی اور جرأت کو سلام ہے ۔ریاستی اداروں کے تقدس کو پامال کرنیوالوں کو ہر صورت سزا ملے گی۔میڈیا ٹاک میں انکا سارا زور مسئلہ کشمیر کی طرف رہا تا کہ مذموم حرکت سے میڈیا اور عوام کی توجہ ہٹائی جا سکے ۔بیگم صفدر سمجھتی ہیں کشمیر کو آزادی شاید مودی کو آم ،اسکی اماں کو ساڑھیاں تحفے میں بھیجنے ، پاکستان دشمن قیادت کو اپنی شادیوں میں دعوت دینے سے ملے گی۔ بشارت راجہ نے کہا کہ مریم نواز کی گاڑی پر وہی پتھر لگے جو وہ ساتھ لائی تھیں ،جو کچھ ہوا انکی ہدایات پر ہوا۔نیب واقعہ سے ن لیگی کارکنوں نے سپریم کورٹ حملہ کی یاد تازہ کردی،پھر اپنا اصل چہرہ دکھا دیا، اپنی کرپشن چھپانے کیلئے ن لیگ کسی بھی حد تک جا سکتی ۔لیکن انکی غلط فہمی ہے کہ وہ اداروں کو دباؤ میں لے آئینگے اور کرپشن پر پردہ ڈال لیں گی۔ انکی کچھ گاڑیاں جعلی نمبر پلیٹس والی تھیں۔قانون ضمانت پر رہا فرد کو اداروں پر چڑھائی کی اجازت نہیں دیتا، ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ بھی ہوگا ، سارے کھیل میں مرکزی کردار مریم نواز ہی ہیں۔ صوبائی وزیر محنت انصر مجید نے بیان میں کہا کہ مریم نواز کا دامن صاف ہوتاتو اوچھے ہتھکنڈے استعمال نہ کرتیں۔جھوٹ اور سازشی سیاست ن لیگ کا وتیرہ ہے ۔ مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے ٹویٹ میں کہا کہ ذاتی مفادات کیلئے کارکنوں کا استعمال افسوسناک۔ نیب دفتر پر منصوبہ سازی سے حملہ کیا ۔پی ٹی آئی رہنما اورپارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے کہا مریم صفدر نے اپنی قیادت میں نیب آفس پر حملہ کیا، مسلح جتھے اور پتھروں کا انتظام کیا گیا۔ ن لیگی پہلے سپریم کورٹ پر حملہ کرچکے ۔مشیرپارلیمانی اموربابراعوان نے ٹویٹ میں کہادودرجن پتھرائوکرنیوالوں کے سمندرنے ثابت کردیاوہ سپریم کورٹ پرحملے کی طرح پھر کسی بھی ادارے پرحملہ کی پتھریلی صلاحیت رکھتے ہیں۔صوبائی وزیرحافظ ممتاز نے کہاکہ دھونس دھمکی کی سیاست شریف خاندان کا وتیرہ ،یہ اداروں کو کبھی خاطر میں نہیں لایا۔وفاقی وزیراطلاعات شبلی فرازنے میڈیا بریفنگ میں کہا مریم نواز تو کہتی تھی کہ کوئی جائیداد نہیں،نیب نے گیارہ سو کنال زمین کا جواب دینے کیلئے بلایا ، تو بارات لیکر پہنچ گئیں ،انہوں نے اداروں کو تباہ کیا، پیشی کو سیاسی رنگ دیا ۔ مریم کے والد لندن میں آرام کی زندگی گزار رہے اور کارکن یہاں خوار ہو رہے ۔ لوٹ مار کا جواب دینا ہوگا۔انکا مقصد صرف اپنی دولت اور خود کو قانون کے شکنجے سے بچاناہے ۔زبردست ڈرامہ سٹیج کرنے پر ن لیگ میڈیاونگ کومبارکباد۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں شبلی فراز نے کہا کہ ن لیگ پلان بنانے کی ماسٹر جبکہ مریم نواز سزایافتہ مجرم ، حکومت انہیں کسی قیمت پر بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دیگی۔ن لیگی اور پی پی قائدین پر بدعنوانی کے سنگین مقدمات، قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹ کر بیرون ممالک جائیدادیں بنائیں جبکہ وزیراعظم عمران خان کی بیرون ممالک کوئی جائیداد نہیں۔