لاہور(سپورٹس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ہیں تو پی ٹی آئی ہے ، عمران خان مائنس نہیں ہوسکتے ، مریم نواز کے مائنس ہونے کا وقت آ گیا ہے ، لندن میں نواز شریف کی تیمارداری کیلئے ان کے بیٹے موجود ہیں، شہبازشریف بھی وہاں پر موجود ہیں۔انہوں نے کہا معیشت میں ہر دن کے ساتھ بہتری آرہی ہے ، ملک کا بیڑاغرق کرنے والے بلاول بھٹو زرداری کے والد آصف زرداری اور ن لیگ ہے ، اپوزیشن کو ان کی کرپشن کے باعث رگڑا لگ رہا ہے ، جن پر کیسز ہیں وہ خود کو بچانے کیلئے باہر جا رہے ہیں، آصف زرداری سے متعلق بھی لگتا ہے کہ بیماری کے باعث بیرون ملک جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمان کبھی آتے ہیں ، کبھی چلے جاتے ہیں، ان کے بارے میں مجھے کچھ پتا نہیں چلتا۔الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے حوالے سے جہانگیر ترین نے کہا پارلیمنٹ سپریم ہے اور قانون سازی کا اختیار رکھتی ہے ، ہماری اور اپوزیشن کی آئینی ذمے داری ہے کہ مل کر بیٹھیں۔اتحادیوں کے تحفظات کے حوالے سے انہوں نے کہا چو دھری برادران سے ملاقات ہوئی ہے ، ان کے کوئی تحفظات نہیں، پہلے بھی اختر مینگل کے ساتھ مل کر معاملات حل کئے ہیں۔