اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )ماہر قانون اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا ہے مریم نواز نوازشریف کی رہائی کے بینر والا سوٹ پہن کر عدالت میں آئیں جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے ،سیکشن 16بی اور سیکشن 31پر کیس دائر ہوسکتا ہے ۔ 92نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاٹوئٹر پر مریم نواز اور ن لیگ کے دوسرے لوگو ں نے کہا یہ سوٹ باقاعدہ طور پر عدالت میں پیشی کیلئے بنایا گیا تھا ۔ایک مجرم جس کو سپریم کورٹ سے سزا دی گئی اس کے بارے میں سوٹ پر لکھا گیا ہے کہ اس کورہا کرو،مریم نواز نے عدالت کے اندر احتجاج ریکارڈ کرانے کی کوشش کی۔پچھلے دنوں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایل ڈی اے پیش ہوئے تھے تو انہوں نے ایک ایسا لباس زیب تن کیا ہوا تھا تو عدالت نے باقاعدہ ان کی سرزنش کی تھی،اس طرح کا کوئی لباس نہیں پہنتا جس سے عدالت کی تضحیک ہو۔مریم نواز امپریشن دینا چاہتی ہیں کہ جج کے تبدیل ہونے سے فیصلہ خود ہی ختم ہوگیا،ان کے اس عمل پر کوئی بھی فرد درخواست عدالت میں د ے سکتا ہے جبکہ عدالت سو موٹو ایکشن بھی لے سکتی ہے ،جج کے پاس مکمل اختیار ہے کیونکہ اس نے اپنی عدالت کی عزت برقرار رکھنی ہے ، عدالت کو سکینڈلائز کرنے کی کوشش کی گئی،اس عمل کو روکنا بہت ضروری ہے اس طرح تو یہ مذاق بن جائے گا اور ہر کوئی اٹھ کر اس طرح کا احتجاج شروع کردے گا،مجھے آج عدالت کی طرف سے ریلیف پر اعتراض ہے ۔