کراچی،اسلام آباد (وقائع نگا رخصوصی ،سٹاف رپورٹر، ایجنسیاں ) پیپلز پارٹی نے کہا کہ مریم کٹہرے میں ہیں تو اسکے ذمہ دار خود نواز شریف ہیں ۔پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف نے جو بویا ابھی تو وہ کاٹا بھی نہیں ہے ۔جو کچھ ہو رہا ہے وہ نواز شریف کا اپنا کیا دھرا ہے ۔میاں صاحب آپ انتقام کے وقت بھول گئے تھے کہ بینظیر بھٹو بھی کسی کی بیٹی تھی ۔محترمہ شہید کو ایک دن میں لاہور، کراچی اور پنڈی کی عدالتوں کے چکر آپ نے کٹوائے ۔ آپ کا اپنا کیا آپ کے آگے آیا ہے یہ قدرت کا انتقام ہے ۔سینیٹر رحمان ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف ملک کے تین وزیر اعظم رہے ہیں مظلوم کس بات کے ہیں۔ ابھی بھی پارٹی کو چلا رہے ہیں مظلومیت کس بات کی ہے ۔میاں صاحب سب سے مقدم چیز ہمارے لیے پاکستان ہے اسکو گندا نہ کریں۔ میاں صاحب روز بولتے ہیں اور بہت بولتے ہیں، میں ان سے اپیل کرتا ہوں پاکستان پر رحم کریں۔حکومت سے نگران وزیر اعظم کا فیصلہ ہی نہیں ہو رہا ،کوئی اور فیصلہ کرے گا تو کہیں گے وہاں سے فیصلہ آیا۔ نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا یہ کہنا کہ خورشید شاہ فرینڈلی فائر کرتے رہے درست نہیں، اگر شاہ صاحب فرینڈلی فائر کر رہے تھے تو عمران خان خود کیوں نہیں آگئے کہ اپوزیشن اور پارلیمنٹ کا کردار درست کردیا جاتا۔ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نیئر حسین بخاری نے کہاہے کہ آج اپنی بیٹی کو کٹہرے میں دیکھ کرنوازشریف کی چیخیں نکل گئیں کیا میاں صاحب وہ وقت بھول گئے جب جسٹس(ر) قیوم سے کہہ کر بے نظیر کی ایک دن میں تین تین پیشیاں کرواتے تھے ۔