واشنگٹن( نیٹ نیوز) کم عمر لڑکیوں کے ریپ اور خواتین کے جنسی استحصال کے جرم میں 23 سال کی قید کاٹنے والے ہولی ووڈ کے 68 سالہ پروڈیوسر ہاروی ونسٹن کے خلاف ان کی سابق پروڈکشن اسسٹنٹ مریم ہیلی نے جنسی ہراساں کرنے اور دیگر تکالیف پر معاوضے کا مقدمہ کردیا، مریم ہیلی جو اپنا نام میمی ہیلی بھی استعمال کرتی ہیں، انہوں نے جولائی 2006 میں ہاروی وائنسٹن کے جنسی حملے کی وجہ سے خود کو پہنچنے والے تکلیف اور درد پر غیر متعین معاوضے اور تعزیراتی سزا کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے ۔ ’رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق ہاروی ونسٹن کے وکلا نے اس حوالے سے رابطہ کرنے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ مریم ہیلی لندن میں رہتی ہیں، انہوں نے میم ہیٹن میں واقع امریکی ضلعی عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے ۔ 68 سالہ ہاروی وائنسٹن خود کو مجرم قرار دینے اور 23 سال قید کے خلاف اپیل کررہے ہیں جو انہیں 2013 میں اداکارہ جیسیکا من کے ریپ اور مریم ہیلی پر جنسی حملے کے جرم پر سنائی گئی تھی۔