کراچی(نیٹ نیوز) لیجنڈ گلوکارہ مہناز کی 7 ویں برسی منائی گئی۔4 دہائیوں تک آواز کا جادو جگانے والی گلوکارہ مہناز بیگم 1955ء میں کراچی میں پیدا ہوئیں۔ مہناز کا اصل نام کنیز رضا تھا وہ برصغیر کی معروف مغنیہ اور سوز خواں کجن بیگم کی صاحب زادی تھیں اسی لیے انہیں بچپن ہی سے گلوکاری سے لگاؤ پیدا ہوگیا تھا۔مہناز نے سرسید گرلز کالج سے بی اے کیا،سن 1972ء میں باقاعدہ طور پر فن موسیقی میں قدم رکھا، ٹیلی ویژن پر گائیکی کے بعد ان کی شہرت فلم اسکرین تک جاپہنچی۔ مہناز نے آنے والے برسوں میں ریڈیو، ٹی وی اور فلم میں اپنی مسحورکن آواز سے لاتعداد گیتوں کو پہچان دی۔مہناز نے مجموعی طور پر 1500 سے زائد گانے ریکارڈ کروائے ، مہناز اس حوالے سے بھی خوش قسمت تھی کہ ا بتداء میں ہی انھیں معروف موسیقار نثار بزمی، روبن گھوش،سہیل رانا، وجاہت عطرے سمیت دیگر نامور موسیقاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔باصلاحیت مغنیہ مہناز بیگم طویل عرصے سے علیل تھیں انتقال سے دوماہ قبل تک کراچی میں مقیم رہیں۔19 جنوری 2013ء کو امریکہ کا رخت سفر باندھا تاہم دوران پرواز راستے میں ہی ان کی حالت بگڑگئی انہیں بحرین کے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اپنے سینکڑوں مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر خالق حقیقی سے جاملیں۔