لاہور(سٹاف رپورٹر)ملک بھر کے علما ئے کرا م اور مذہبی شخصیات نے شام کے صوبہ ادلب میں خلیفہ اسلام حضرت عمر بن عبدالعزیز ؒ اور انکی اہلیہ کے مقدس مزارات کی بے حرمتی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور کہا مزارات کی بے حرمتی ناقابل برداشت ہے ، پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلم حکمران ، او آئی سی،اقوام متحدہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور دیگر ادارے شام کے صدر بشار الاسد کی سرپرستی میں اس سفاکی کا فوری نوٹس لیں اور مجرموں کو سزا دلانے میں کردار ادا کریں، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا واقعہ سے عالم اسلام کے دل و دماغ لرز اٹھے ہیں، اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے ، اسلامی دنیا اور او آئی سی فورا ایکشن لے اور مزار کی اصل حالت میں بحالی یقینی بنائے ، علما کونسل کے قائدین طاہر اشرفی اور دیگر نے کہا امت مسلمہ کو تکفیری اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف متحد ہوکر آگے بڑھنا ہوگا، سانحہ پر علماء کونسل کے قائدین آج لاہور میں اہم اجلاس کرینگے ،انٹر نیشنل ختم نبوت مؤومنٹ کے مرکزی امیر مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اﷲ،نائب امیرمولانا عبدالرؤف مکی اور دیگر نے کہا مسلم حکمران ، او آئی سی،اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اس سفاکی کا فوری نوٹس لیں، مہتمم جامعہ دارالعلوم الاسلامیہ ڈاکٹر قاری احمد میاں تھانوی نے کہا مقدس ہستیوں کا ادب اور احترام اسلام کا لازمی تقاضا ہے ۔ تحریک لبیک کے سربراہ اشرف آصف جلالی نے کہا ، 2018ء میں روسی طیارے نے اس مزار شریف کے عالیشان گنبد کو نشانہ بنایا تھا، ایسا تو یہاں صلیبیوں ،تاتاریوں اور منگولوں کے حملوں کے دوران بھی نہیں کیا گیا۔